اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق روسی وفاق کے افتاء مرکز کے نائب سربراہ اور جمہوریہ مردوویا کے مفتی اعظم "راشد خالقوف" نے تہران میں منعقدہ وحدت اسلامی کانفرنس کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: ہم مسلمانان روس کو یہ فخر ہے کہ ہمیں اس عظیم اسلامی کانفرنس میں ـ اور وہ بھی کئی مذاہب کے پیروکاروں کے اسلامی ملک ایران میں ـ شرکت کا موقع ملا۔ روس کے تمام مسلمان اس کانفرنس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا: ایران ایک اونچے مرتبے پر فائز ہوچکا ہے اور بہت سے ممالک ایران کو نہایت اہم ملک سمجھتے ہیں؛ تمام مسلمانوں کو اللہ کی نعمتوں کا معترف ہونا چاہئے اور دعا کرنی چاہئے کہ وہ ہمیں توفیق اور کامیابی عطا فرمائے۔ انھوں نے کہا: روس میں مسلمانوں کی دو کروڑ آبادی ہے اور ان میں سے بیشتر حنفی اور شافعی ہیں جبکہ اہل تشیع کی بھی اچھی خاصی آبادی ہے اور میں یہاں کہنا چاہوں گا کہ روسی مسلمانوں کے درمیان کوئی اختلاف اور کوئی بھی مسئلہ یا مشکل نہیں ہے؛ بے شک یہ صورت حال اللہ کی توفیق اور اس کی عطا کردہ استطاعت کی وجہ سے حاصل ہوئی ہے؛ ہر وہ مسلمان جو دین اسلام پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے ہی اصولوں پر عمل کرنے میں آزاد ہے۔ انھوں نے کہا: روس میں اسلامی مدارس اور مساجد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور مساجد کی تعداد چارہزار سے بھی زائد ہے اور شیعہ برادران بھی تمام مساجد میں حاضر ہوتے ہیں اور اپنی مذہبی تعلیمات کے مطابق عبادت کرتے ہیں اور روز عاشور بھی عاشورا کے اعمال بجا لاتے ہیں اور عزاداری کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا: روس میں تمام دینی مناسبتوں پر دینی جشن منائے جاتے ہیں اور حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس میں مسلمانوں کو مکمل آزادی حاصل ہے۔ ...............
/110